چیمپئنز ٹرافی،کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کیلئے سکیورٹی انتظامات

Feb 27, 2025

لاہور (کر ائم رپو رٹر)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میچ  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ اور افغانستان مد مقابل ہوئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ کی سکیورٹی کے پیش نظر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ کھلاڑیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے لمحہ بہ لمحہ کوارڈینیشن یقینی بنائی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ انگلینڈ اور افغانستان کے میچ کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد  پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، اسٹیڈیم اور اردگرد کی بلند عمارات پر سنائیپرز تعینات کیے گئے۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ ٹیمیں روٹس و اہم مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کرتی رہیں جبکہ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ٹیموں کے روٹس اور اسٹیڈیم سمیت اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤاور مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، اسٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھیں۔ اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹری گیٹس پر سکیورٹی پر تعینات فورس شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی  سے پیش آئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شائقین محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس سے تعاون کریں۔

(روز نامہ پاکستان)

***********************