لاہور(نامہ نگار)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان پولیس،خواجہ جنید ہاکی کلب، نیدرلینڈ ہاکی کلب اور جرمنی ہاکی کلب کی ٹیمیں کے مابین انٹرنیشنل ہاکی لیگ 2025ء کا انعقادکیا گیا ہے۔جس کے تسلسل میں پاکستان پولیس اور نیدرلینڈ ہاکی کلب کی ٹیموں کے مابین نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں مقابلہ ہوا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔نیدر لینڈ اور جرمنی کے سفیر، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم،فورس کمانڈر اے این ایف پنجاب بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری،ہاکی اولمپیئنز خواجہ جنید، شہباز سینئر، طاہر زمان، قمر ابراہیم، کامران اشرف، ایم عرفان، مجاہد رانا اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگتی و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے نیدرلینڈ ہاکی کلب و پاکستان پولیس کی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی جبکہ آئی جی پنجاب نے مختلف انکلیوژرمیں شائقین بچوں اور طلبا و طالبات سے ملاقات بھی کی۔شائقین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کو اپنے درمیان پا کر پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ میچ کو پولیس شہداء کے نام سے منسوب کیا گیا۔پہلے ہاف تک پاکستان پولیس کی ٹیم کو نیدرلینڈ ہاکی کلب پر ایک کے مقابلے میں 2 گول کی سبقت حاصل رہی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیساتھ ساتھ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی کوشاں ہے اور بیرون ملک ہاکی کلب ٹیموں کا وزٹ پاکستان کا امن پسند اور مثبت تشخص ظاہر کرتا ہے۔پنجاب پولیس کا کھیلوں کیساتھ پرانا تعلق، فضل محمود، منیر ڈار سمیت متعدد بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی پولیس کا حصہ رہے ہیں۔پنجاب پولیس کے دو اہلکار پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی ٹیم کیلئے بھی منتخب ہوئے۔نیدر لینڈ کلب سمیت دیگر ممالک کی سپورٹس ٹیموں کے پاکستان پولیس ٹیموں کیساتھ میچز کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے۔پولیس اتھلیٹس نے ملکی و غیر ملکی سطح کے سپورٹس مقابلوں میں متعدد میڈلز اور اعزازات اپنے نام کئے ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*******************