آئی سی سی چیمپینز ٹرافی، ٹیموں کی آمد شروع، پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل

آئی سی سی چیمپینز ٹرافی، ٹیموں کی آمد شروع، پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل
ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور پرامن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے۔ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیمز کے اطراف میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میچز کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤ، اور مناسب پارکنگ  کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ سٹیڈیمز سمیت اردگرد کی بلند عمارات پر پولیس سنائیپرز تعینات کیے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سٹیڈیمز کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے جبکہ شہریوں کی آگاہی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ اضلاع قبل از میچز ٹریفک ایڈوائزری جاری کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شائقین کرکٹ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں میچز کے دوران مجموعی طور پر 12 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ 18 سینئر افسران، 54 ڈی ایس پیز، 135 انسپکٹرز اور 1200 اپر سبارڈینیٹس ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ 10556 کانسٹیبلز اور 200 سے زائد خواتین پولیس اہلکار بھی سکیورٹی و چیکنگ پر مامور ہونگی۔ اسی طرح لاہور میں میچز کے دوران 08 ہزار افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ 12 سینئر افسران، 39 ڈی ایس پیز، 86 انسپکٹرز اور 700 اپر سبارڈینیٹس ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ 6673 کانسٹیبلز اور 129 لیڈی کانسٹیبلز بھی سکیورٹی و چیکنگ ڈیوٹیز سر انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں میچز کے دوران 05 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ 06 سینئر افسران، 15 ڈی ایس پیز، 50 انسپکٹرز اور 500 اپرسبارڈینیٹس سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے جبکہ 04 ہزار کانسٹیبلز اور 100 سے زائد خواتین اہلکار بھی سکیورٹی و چیکنگ ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ صوبائی دارالحکومت میں تین میچز 22، 26 فروری اور 05 مارچ جبکہ راولپنڈی میں تین میچز 24، 25، 27 فروری کو کھیلے جائیں گے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر141)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Wednesday, February 12, 2025