لاہور (نامہ نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریڈ اور بلیک بک میں شامل 70 اشتہاریوں کی ہیڈ منی کی سفارشات محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوا دیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے ہیڈ منی کے 30 ریڈ بک جبکہ پنجاب پولیس کے 40 اشتہاری مجرم بلیک بک میں شامل ہیں۔ سفارشات کی منظوری پر محکمہ داخلہ اشتہاریوں کے سروں کی قیمت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔70 اشتہاری مجرمان کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 16 کروڑ 52 لاکھ روپے مقرر جبکہ ریڈ بک میں شامل اشتہاری مجرمان کی مجموعی ہیڈ منی 10 کروڑ 50 لاکھ روپے اور بلیک بک میں شامل اشتہاری مجرمان کی مجموعی ہیڈ منی 6 کروڑ 02 لاکھ روپے مقررکی گئی۔ اشتہاری مجرمان پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو دہشتگردی، قتل، اقدام قتل، زیادتی اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ہیں۔ اشتہاری عبید الرحمان کے سر کی قیمت ایک کروڑ 40 لاکھ روپے، موسیٰ کے سر کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ اور یعقوب کے سر کی قیمت 90 لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔ عمران ستار، مسعود اظہر، منیر حسین کے سروں کی قیمت 70, 70 لاکھ روپے مقرر کرنے، عبدالرحمن مرزا، سمیع اللہ اور امین کے سروں کی قیمت 60 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے، محمد افضل، محمد صفدر عرف ماما، حافظ سلیمان اور رضوان علی کے سروں کی قیمت 40 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح بابا منصور، عابد، اکرم عرف ٹیپو، عبدالجبار عرف چھوٹا انجینئر، محمد اعظم اور محمد اعجاز عرف اعجاز علاقی کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے، عبدالماجد رشید، تنویر حسین، عمران زیدی، امجد عباس، بنیاد حسین، تنویر احمد اور عنایت اللہ شاہ کے سروں کی قیمت 25 لاکھ روپے فی کس مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔
(روز نامہ نوائےوقت)
************************