پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے نجی ہسپتال سے ایم او یو سائن

Feb 02, 2025

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ایک اور احسن اقدام،نجی ہسپتال کے عہدیداران کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو پر دستخط کرنے کیلئے تقریب منعقد کی گئی۔سی ای او ڈاکٹر ذیشان علی، ایم ڈی ملک جمیل احمد اور ڈاکٹر شایان ارشد وفد میں شامل تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ذیشان علی نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ایم او یو کے تحت پولیس شہدا کی فیملیز اور حاضر سروس پولیس ملازمین کو 50 فیصد تک رعایتی نرخ پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پولیس شہداء کے اہلخانہ کو علاج معالجے اور لیب ٹیسٹ پر 50 فیصد رعائیت فراہم کی جائے گی۔ حاضر سروس پولیس ملازمین کو مختلف بیماریوں کے علاج  اور لیب ٹیسٹ کیلئے 40 فیصد، سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے چیک اپ پر 25 فیصد رعایت فراہم کی جائیگی جبکہ فارمیسی پر تمام ادویات، میڈیکل آلات ودیگر اشیا پر 10 فیصد رعائت دی جائیگی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************