مختلف اضلاع کے پولیس تحفظ مراکز کی کارکردگی کاجائزہ اجلاس

Jan 25, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی صدارت میں سنٹرل پولیس آفس میں پولیس تحفظ مراکز کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد،منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کے تحفظ مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔انچارج تحفظ مراکز، وکٹم سپورٹ افسران نے ٹرانسجینڈرز سمیت معاشرے کے کمزور طبقات کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ سال تحفظ مرکز گوجرانوالہ میں 23 ہزار 777 افراد،راولپنڈی میں 14 ہزار سے زائد شہریوں کو سروسز مہیا کی گئیں۔اسی طرح تحفظ مرکز فیصل آباد میں 10 ہزار851، منڈی بہاؤالدین میں 21 ہزار 158 اور حافظ آباد میں 4 ہزار 595 شہریوں کو مدد فراہم کی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوںنے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**********************