لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے بانی سی ای او غازی تیمور نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ نجی تنظیم’’لاہور کا راوی‘‘پنجاب پولیس کی قدیم عمارات کی تاریخی و ثقافتی حیثیت اجاگر کریگی جبکہ پراجیکٹ ’’تحفظ تاریخ‘‘کا آغاز لاہور سے ہوگا بعد ازاں دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کو تفریحی و مطالعاتی ٹورز،سرگرمیوں کے ذریعے پنجاب پولیس کی عمارات کی تاریخ اور جڑی روایات بارے آگاہی فراہم کی جائیگی جبکہ نجی تنظیم پنجاب پولیس کے اشتراک سے پولیس کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کریگی۔پنجاب کے تھانوں اور عمارات کی تاریخ صدیوں پرانی جس کیساتھ عہد ساز روایات و داستانیں وابستہ ہیں۔تنظیم اندرون لاہور کے تھانوں کی تاریخی حیثیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے بس ٹورز کا اہتمام کریگی اور راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں اور متعلقہ تحصیلوں میں بھی تاریخی اہمیت کے تھانوں کی نشاندہی و خوبصورتی اجاگر کی جائیگی۔اس اقدام کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلے مزید کم کرنا ہے اور پولیس سروسز سے بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***************************
