پنجاب پولیس پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی، آئی جی پنجاب

Jan 22, 2025
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کا پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے بل کی منظوری اور اسے ناقابل ضمانت جرم قرار دینا خوش آئند ہے۔ پنجاب پولیس پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کے تحت کاروائیاں جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ اساتذہ اور سول سوسائٹی خطرناک کھیل اور کاروبار کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہری پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے 20 دن میں صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر320 ملزمان گرفتار، 311 مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 17281 پتنگیں، 649 ڈور چرخیاں برآمد اور 191مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے.
(روز نامہ انصاف)
************************