سنٹرل پولیس آفس: پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے بانی سی ای او غازی تیمور نے ایم او یو پر دستخط کیے
پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے بانی سی ای او غازی تیمور نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ تفصیلات کے مطابق، نجی تنظیم ''لاہور کا راوی'' پنجاب پولیس کی قدیم عمارات کی تاریخی و ثقافتی حیثیت اجاگر کرے گی جبکہ پراجیکٹ ''تحفظ تاریخ'' کا آغاز لاہور سے ہوگا بعد ازاں دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کو تفریحی و مطالعاتی ٹورز، سرگرمیوں کے ذریعے پنجاب پولیس کی عمارات کی تاریخ اور جڑی روایات بارے آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ نجی تنظیم پنجاب پولیس کے اشتراک سے پولیس کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تھانوں اور عمارات کی تاریخ صدیوں پرانی ہیں جن کے ساتھ عہد ساز روایات و داستانیں وابستہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تنظیم اندرون لاہور کے تھانوں کی تاریخی حیثیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بس ٹورز کا اہتمام کرے گی اور راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں اور متعلقہ تحصیلوں میں بھی تاریخی اہمیت کے تھانوں کی نشاندہی و خوبصورتی اجاگر کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلے مزید کم کرنا ہے اور پولیس سروسز سے بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت، اے آئی جی ڈسپلن عمارہ اطہر، اے ایس پی ڈیفنس سرکل شہر بانو اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر68)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Wednesday, January 22, 2025