آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا معاشرے کے کمزور طبقات کے لئے احسن اقدام، 2025ء کا پہلا سٹینڈنگ آرڈر جاری،
پنجاب پولیس کو ذہنی و جسمانی معذور افراد، ٹرانسجینڈرز کی مدد کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے معاشرے کے کمزور طبقات کے لئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے 2025ء کا پہلا سٹینڈنگ آرڈر جاری کر دیاہے۔ سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق پنجاب پولیس کو ذہنی و جسمانی معذور افراد اور ٹرانسجینڈرز کی مدد کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سٹینڈنگ آرڈر کے مطابق پولیس ذہنی و جسمانی استحصال، صنفی امتیاز و جرائم کا شکار افراد کو بھرپور مدد، رہنمائی، سروسز کی فراہمی اور معاشرے کے کمزور طبقات کے ساتھ کوئی بھی جرم سرزد ہونے کی صورت میں پولیس فوری ریسپانڈ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی و جسمانی معذور افراد، ٹرانسجینڈرز کے ساتھ مساوی حقوق، عزت و احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تربیت یافتہ کرائسس انٹروینشن افسران متاثرہ افراد کے ساتھ نرم لہجے، شائستگی سے رابطہ اور حالات کو کنٹرول کریں گے۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی صورتحال میں پولیس نفسیاتی و جسمانی معذور افراد کو باحفاطت طبی ماہرین اور علاج گاہ تک پہنچائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ متاثرہ افراد کی ذہنی و جسمانی معذوری، صنفی عزت نفس، پرائیویسی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا جبکہ کوئی جرم سرزد ہونے کی صورت میں پولیس ایسے افراد کو حراست میں لینے کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی و جسمانی معذور خواتین ٹرانسجینڈرز کی مدد، پولیس ایکشن اور سرچنگ لیڈی پولیس اہلکار کریں گی جبکہ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذہنی و جسمانی معذور افراد، ٹرانسجینڈرز کے ساتھ پولیس ڈیلنگ کے لئے فورس کی ٹریننگ یقینی بنائیں گے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر66)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Wednesday, January 22, 2025