پنجاب پولیس پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی، آئی جی پنجاب

پنجاب پولیس پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی، آئی جی پنجاب
حکومت پنجاب کا پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے بل کی منظوری اور اسے ناقابل ضمانت جرم قرار دینا خوش آئند ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کا پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے بل کی منظوری اور اسے ناقابل ضمانت جرم قرار دینا خوش آئند ہے۔ پنجاب پولیس پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کے تحت کاروائیاں جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ اساتذہ اور سول سوسائٹی خطرناک کھیل اور کاروبار کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہری پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے 20 دن میں صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر320 ملزمان گرفتار، 311 مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 17281 پتنگیں، 649 ڈور چرخیاں برآمد اور 191مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 142 ملزمان گرفتار، 150 مقدمات درج کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 509 پتنگیں اور 115 ڈور چرخیاں بھی برآمد کی گئیں۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر64)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, January 21, 2025