پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کی خلاف بڑی کامیابی

پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کی خلاف بڑی کامیابی،
کچہ ماچھکہ پولیس مقابلہ کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک، کلاشنکوف سینکڑوں گولیاں برآمد ،ترجمان  پنجاب پولیس 
 
لاہور/رحیم یار خان 19 جنوری: پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں کچہ ماچھکہ پولیس مقابلہ کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک، کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت بشیر عرف بشو شر کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ڈاکو ظاہر پیر میں 04 معصوم شہریوں کے قتل ، سانحہ ماچھکہ میں 12 جبکہ 2023ء میں 03 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا۔ ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان، قتل اور ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ یاد رہے ہلاک ڈاکو نے گذشتہ دنوں پولیس پرحملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے شر اور اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر بچاؤ بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر کیفر کردار تک پہنچا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔ پولیس آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او ماچھکہ اورایلیٹ ٹیموں سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ پولیس کو بکتر بند گاڑیوں اور دور مار بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر59)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, January 19, 2025