پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے مزید 29 لاکھ کے فنڈز جاری

Jan 12, 2025

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں مختلف اضلاع میں تعینات ملازمین کے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے مزید 29 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کے کانسٹیبل محمد بوٹا کے 07 سالہ بیٹے کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کے انسپکٹر علی ندیم کی 05 سالہ بیٹی کو برین ٹیومر کے علاج کیلئے 05 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔سینئر ٹریفک وارڈن یاسر جمیل کو 04 سالہ بیٹی کے کینسر کے علاج کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے۔ پی ایچ پی کے کانسٹیبل خالد نسیم کو 10 سالہ بیٹی کے علاج معالجے کیلئے 04 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ سرگودھا کی لیڈی سب انسپکٹر حادیہ سمیع کو بیٹی کے علاج معالجے کیلئے اور کانسٹیبل ناصر حسین کو 04 سالہ بیٹی کے کینسر کے علاج کے لیے فی کس ڈھائی لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ ٹریفک وارڈن اجمل علی کو 07 سالہ بیٹی کے علاج معالجے کیلئے 35 ہزار روپے دئیے گئے۔

(روز نامہ جہان پاکستان)

*************************