لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور ڈولفن سکواڈ کے شہید کانسٹیبل محمد عدنان کے اہلخانہ کوایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیدیا۔ شہید کے اہلخانہ کو ان کی پسند کے مطابق لاہور کی نجی ہاؤسنگ سکیم میں گھر خرید کر دیا گیا۔کانسٹیبل محمد عدنان نے گذشتہ سال شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔شہید کانسٹیبل محمد عدنان کے لواحقین میں اہلیہ اورایک بیٹی شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کے لئے فنڈز جاری کئے۔گذشتہ سال 27 پولیس شہدا کی فیملیز کیلئے حکومت پنجاب سے گھروں کی خریداری کیلئے منظوری لی گئی جبکہ 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کی فیملیز کو 170 پلاٹس اور گھروں کی تعمیر کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************
