پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائی، بیرون ملک مفرور اقدام قتل میں ملوث اشتہاری گرفتار،
پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور اشتہاری ارسلان اشرف کو جنوبی افریقہ سے گرفتار کر لیا، ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں بیرون ملک مفرور اقدام قتل میں ملوث اشتہاری کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور اشتہاری ارسلان اشرف کو جنوبی افریقہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ اشتہاری مجرم ارسلان اشرف ایک شہری کو قتل کی غرض سے شدید زخمی کرکے جنوبی افریقہ فرار ہو گیا تھا۔ ارسلان اشرف اقدام قتل کے مقدمہ میں 03 سال سے تھانہ وانڈو گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری کے ریڈ نوٹس جاری کروائے اور جنوبی افریقہ پولیس کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے اشتہاری کو گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔ رواں سال کے پہلے 11 دن میں دوسرے اشتہاری کو بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک مفرور 104 اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر آر پی او گوجرانوالہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مفرور مزید خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر40)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Sunday, January 12, 2025