Jan 03, 2025
پنجاب پولیس کی زیر نگرانی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پنجاب پولیس اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران پر مشتمل ریکروٹمنٹ بورڈز امیدواروں کے جسمانی و تحریری ٹیسٹ لے رہے ہیں۔ ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن علی ضیا لاہور جبکہ ڈی پی اوز کو متعلقہ اضلاع کے ریکروٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ تحریری و جسمانی ٹیسٹ میں کامیاب 124 امیدوار ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز بھرتی کیے جائیں گے۔ پنجاب پولیس لاہور، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز کی بھرتی کے ٹیسٹ لے رہی ہے۔ اسی طرح اٹک، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی ایکسائز کانسٹیبلز کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔ 30 دسمبر 2024ء سے یکم جنوری 2025ء تک امیدواروں کی دوڑ اور فٹنس ٹیسٹ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ شیڈول کے مطابق آج سے 04 جنوری تک امیدواروں کی جسمانی پیمائش کی جائے گی۔ تحریری ٹیسٹ اور نتائج کا عمل 05 سے 07 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ریکرومنٹ بورڈز تحریری امتحان کا نتیجہ متعلقہ ڈائریکٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی مشاورت سے جاری کریں گے۔ اس موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام افسران متعلقہ ڈائریکٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ مل کر بھرتیوں کے عمل کی بھرپور نگرانی کریں جبکہ بھرتی کے تمام مرا حل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے۔
(روز نامہ ایکسپریس)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
