یوم قائد ‘کرسمس‘30ہزار سے زائد افسروں ‘اہلکاروں نے ڈیوٹی دی

Dec 26, 2024

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کی جانب سے قائد اعظم ڈے اور کرسمس تقریبات کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔2900 سے زائد گرجا گھروں اور حساس مقامات پر 30 ہزار پولیس افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دئیے۔صوبائی دارالحکومت میں 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔قائد اعظم ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات پر ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دئیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قوم کو قائد اعظم ڈے،مسیحی برادری کیساتھ ساتھ لاہور سمیت پنجاب پولیس کے تمام مسیحی افسران و اہلکاروں کو بھی کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔انہوںنے کہا کہ پنجاب پولیس مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور کرسمس عبادات، تقریبات، مسیحی برادری کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔تمام سپروائزری افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ کیساتھ ہر وقت رابطے میں رہے۔ گرجا گھروں کے اطراف میں ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیوں نے موثر پٹرولنگ جاری رکھی۔

(روز نامہ نوائےوقت)
***********************