لاہور(نامہ نگار)اقوام متحدہ کے ادارے یو این او ڈی سی کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ چیف آف مشن ٹروئیلز ویسٹر، ایڈوائزر کریمنل جسٹس اینڈ رول آف لا ارسلان ملک اور پروگرام آرگنائزر فہد قریشی وفد میں شامل تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس،آرگنائزڈ کرائم یونٹ،سیف سٹیز،ویلفیئر اینڈ پروموشن، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کے پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی فنڈنگ سے پولیس کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بہتر، سرحدی چوکیوں اور تھانوں کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے وفد کو دہشت گردی،لا اینڈ آرڈر کے قیام اور کرائم کنٹرول کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔اقوام متحدہ ادارے کے وفد کو گزشتہ2 سال میں پنجاب پولیس میں کی گئی جدید انفراسٹرکچر و پولیسنگ اصلاحات اور سروس ڈیلیوری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔سینئر پولیس افسران نے وفد کو منشیات کیخلاف سپیشلائزڈ نارکوٹکس انوسٹی گیشن یونٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔اقوام متحدہ کے وفد نے پنجاب پولیس کو انوسٹی گیشن، آئی ٹی اور سائبرکرائم سمیت مختلف شعبوں میں ٹریننگ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد نے دہشت گردی،شرپسندی کے تدارک کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات اور قربانیوں کو سراہا۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور اقوام متحدہ مشن کے سربراہ نے سوینیئرز کا تبادلہ کیا۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************

