آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری،
آئی جی پنجاب نے اے ایس آئی محمد اکرم شہید کے اہل خانہ کو 01 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا، ترجمان پنجاب پولیس
 
لاہور 19 دسمبر: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اور گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قصور پولیس کے اے ایس آئی محمد اکرم شہید کے اہل خانہ کو 01 کروڑ 75 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا ہے۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی (بیرون جدید اربن گلبرگ کالونی قصور) میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اے ایس آئی محمد اکرم نے رواں سال مارچ میں ریڈ کے دوران جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا، اسکے لواحقین میں اہلیہ اور 04 بیٹے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس آئی محمد اکرم شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی محمد اکرم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اے ایس آئی محمد اکرم شہید جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے جن کی بہترین ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر1260)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Thursday, December 19, 2024