سنگین جرائم کے خاتمے کا مشن، پنجاب پولیس صوبہ بھر میں خطرناک مجرمان کی سرکوبی کیلئے مصروف عمل
رواں سال کے دوران جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 6709 گینگز کا خاتمہ، 16 ہزار 854 مجرمان گرفتار۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں سنگین جرائم کے خاتمے اور خطرناک مجرمان کی سرکوبی کیلئے پولیس ٹیمیں مصروف عمل ہیں جس کے نتیجے میں جرائم کے گراف میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 6709 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، کریمنل گینگز کے 16 ہزار 854 مجرمان گرفتار کئے گئے، مجرمان کے قبضہ سے 05 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد پراپرٹیز (مال مسروقہ) برآمد کیا گیا، مال مسروقہ میں 1859 گاڑیاں، 28189 موٹر سائیکلیں، 2641 تولے سونا، 11380 موبائل فونز اور 6003 مال مویشی شامل ہیں جنہیں مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مختلف وارداتوں میں مطلوب مجرمان سے 08 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کیش برآمد کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 3688 گینگز کا خاتمہ کیا گیا اور 8470 ملزمان گرفتار ہوئے، مجرمان کے قبضے سے 02 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد پراپرٹیز (مال مسروقہ) برآمد کیا گیا، لاہور میں 1008 گاڑیاں، 15744 موٹر سائیکلیں، 5865 موبائل فون، 236 تولے سونا اور 134 مال مویشی برآمد کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک گینگز کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منظم جرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈکیتی، قتل اوراغواء سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1259)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Thursday, December 19, 2024