پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، تباہی پھیلانے کے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے، 02 خوارجی دہشتگرد ہلاک

Dec 18, 2024
 پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 02 خوارجی دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے۔ تھانہ وہوا کے علاقے کوٹانی تال میں دہشتگردوں نے پولیس پر ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا، سی ٹی ڈی اور ڈی جی خان پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے اور پولیس کی جوابی کاروائی میں 02 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دہشتگرد پنجاب کے تھانوں اور حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر پولیس ہائی الرٹ تھی۔ دہشتگردوں کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او وہوا، پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو دیکھتے ہی دہشت گرد راکٹ، گرینیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے حملہ آور ہوئے۔ دہشتگردوں کی شدید فائرنگ کے باوجود پولیس نے جوانمردی سے بھرپور جوابی کاروائی کی، ایلیٹ فورس سمیت بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں، دہشتگردوں کو پسپائی کا موقع نہ دیا، خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی،ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی موقع پر پہنچے جبکہ دہشت گردوں سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ و دیگر جدید و بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی اور ڈی جی خان پولیس کو شاباش دی۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ ٹیموں نے سرحدی علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن بھی کیا۔
***********************