پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی سنچری مکمل

پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی سنچری مکمل
مختلف ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس
جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب مزید 06 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لئے
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پنجاب پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی سنچری مکمل کر لی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سال دو ہزار چوبیس کے دوران مختلف ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی ہے۔ اسی تسلسل میں پنجاب پولیس نے جرائم کی مختلف وارداتوں میں مطلوب مزید 06 خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا ہے۔ پنجاب پولیس کی خصوصی ٹیم 06 مجرمان کو متحدہ عرب امارات سے لے کر منگل کی شب لاہور ائیر پورٹ پہنچے گی۔ گرفتار مجرمان میں اشتہاری قیصر محمود قتل کے مقدمہ میں 10 سال سے تھانہ صدر کامونکی گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھا، مجرم اشتہاری بابر وسیم شہری کو قتل کرنے کے مقدمہ میں 2 سال سے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کو مطلوب تھا۔ مجرم اشتہاری عبدالحسیب خان قتل کے مقدمہ میں 2 سال سے تھانہ سول لائن گوجرانوالہ کو مطلوب تھا۔مجرم اشتہاری ذیشان نے تھانہ مخدوم رشید ملتان کے علاقہ میں شہری کو قتل کیا، 16 برس سے مطلوب تھا۔ مجرم اشتہاری ندیم افضل نے تھانہ کنجاہ گجرات کی حدود میں شہری کو قتل کیا، 03 برس سے مطلوب تھا جبکہ آخری مجرم اشتہاری تاج رسول شہری کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے اور فائر مار کر زخمی کرنے کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے انٹرپول سے تمام ملزمان کے ریڈ نوٹس جاری کروائے اور متحدہ عرب امارات پولیس کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے ملزمان کو گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر آر پی او و سی پی او گوجرانوالہ، انچارج سپیشل آپریشنز سیل انسپکٹر خالد نواز وریا اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے مزید خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر1253)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, December 17, 2024