رواں سال منشیات فروشوں کےٹھکانوں پر ایک لاکھ 9 ہزار چھاپے

Dec 16, 2024

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے ، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 01 لاکھ 09 ہزار چھاپے مارے گئے ، منشیات کے دھندے میں ملوث 63529 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 56059 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 494731 کلوگرام چرس، 6912 کلو گرام ہیروئن ، 1689 کلو افیون، 455 کلو آئس، 11 لاکھ 19 ہزار لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی اور نشے کی بیماری میں مبتلا 1283 افراد کو بحالی کیلئے علاج گاہوں میں داخل کروایا گیا۔ 

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں رواں سال منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 9624 چھاپے مارے گئے ،9935 ملزمان گرفتار ہوئے اور 9623 مقدمات درج کئے گئے ۔ ملزمان کے قبضے سے 7494 کلوگرام چرس ، 272 کلو گرام ہیروئن ، 454 کلوگرام افیون ، 170 کلو گرام آئس اور 66 ہزار لیٹرز سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************