آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل
فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے مسلسل سرگرم عمل ہیں، اسی سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا ہے۔ کانسٹیبل محمد ارشاد شہید کے اہل خانہ کو شہید کوٹے کے تحت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیاگیا ہے۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق خواجہ ٹاؤن رحیم یار خان میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل محمد ارشاد نے پچھلے سال نومبر میں جام شہادت نوش کیا۔ کانسٹیبل محمد ارشاد شہید کے لواحقین میں اہلیہ، 03 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد ارشاد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل محمد ارشاد شہید نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد ارشاد شہید جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے جن کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1227)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
