لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کچہ ایریاز میں جرائم پیشہ و شر پسند عناصر کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ رحیم یار خان کی بین الصوبائی چیک پوسٹوں داعوالہ، کوٹ سبزل کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ تمام کچہ پولیس کیمپس پر سولر پینلز نصب، ریفریجریٹرز پنکھے اور روشنی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نائٹ ویژن کیمروں کی تنصیبات جاری ہے۔ چیک پوسٹس کو مضبوط و کشادہ، سمگلنگ کی روک تھام اور موثر چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ عوام کی جان ومال کے تحفظ، کچہ کریمنلز کی سرکوبی کیلئے مستقل بنیادوں پر کچہ میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ تمام پولیس پوسٹوں پر ڈویلپمنٹ ورک، پختہ کرنے کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ بکتر بند گاڑیوں، جدید ہتھیاروں سے لیس پولیس کے دستے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************
