کچہ میں 2 کارروائیاں، باپ بیٹے سمیت 6 مغوی بازیاب

Dec 07, 2024

لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ میں آپریشن کرتے ہوئے دو مختلف بڑی کارروائیوں کے دوران تین اقلیتی افراد سمیت 6 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔ دوران آپریشن دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں ایک کروڑ سر کی قیمت والا کچہ کا خطرناک ڈاکوگورا عمرانی بھی شامل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل تھانہ بھونگ کے علاقہ سے فصلوں کو پانی لگانے والے افراد عبدالشکور، ظہور احمد اور عابد کو مسلح ملزمان نے اغوا کر لیا تھا جبکہ اقلیتی نوجوان منور جی کو بھی چند روز قبل بستی کلواڑ سے اغوا کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے پولیس ٹیمز کو مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے مامورکر رکھا تھا۔ سرحدی علاقہ میں مجرمان کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی ایس پی بھونگ سعید احمد، ایس ایچ او تھانہ بھونگ، ایس ایچ او احمد پور لمہ رانا رمضان، سی آئی ٹیمز اور ایلیٹ ٹیمز کے ہمراہ بھاری نفری کے ساتھ نشاندہی شدہ علاقہ میں مؤثر کارروائی کے دوران ہاتھ پاؤں بندھے چاروں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ پنجاب پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقلیتی باپ بیٹے کو بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ مسلح ڈاکو اپنے زیر استعمال تین موٹر سائیکلیں بھی موقع پر چھوڑ کر راہ فرار اختیار کر گئے۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************