پنجاب پولیس فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کے اہلخانہ کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لئے پرعزم،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر رحیم یار خان پولیس کے 02 شہدا کی فیملیز کو گھر مل گئے
پنجاب پولیس فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے بہادر شہدا کے اہلخانہ کو رہائش کیلئے اپنی چھتیں فراہم کرنے کے لئے پرعزم اور مسلسل مصروف عمل ہے، اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر رحیم یار خان پولیس کے 02 شہدا کی فیملیز کو گھر مل گئے ہیں۔ پولیس کانسٹیبلز غلام حسین اور قاسم شہید کے اہل خانہ کو شہید کوٹے کے تحت 02 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے گھر دیئے گئے، پولیس کانسٹیبل قاسم اورغلام حسین نے 29 نومبر 2023ء کو کچہ ماچھکہ میں ڈاکوؤں کے خلاف مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن ارسلان زاہد کی نئے گھروں میں مقیم دونوں شہید کانسٹیبلز کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ دونوں شہدا کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق تمام سہولیات سے آراستہ رحیم یار خان کی نجی ہاؤسنگ کالونی میں گھر خرید کر فراہم کیے گئے۔ کانسٹیبل قاسم شہید کے لواحقین میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں جبکہ کانسٹیبل غلام حسین شہید کے لواحقین میں والدہ،اہلیہ، 02 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل ہیں۔ ایس پی ارسلان زاہد نے کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہدا کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبلان قاسم، غلام حسین شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید کانسٹیبلز نے شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کے دوران خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزندوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ رحیم یار خان پولیس کانسٹیبلز قاسم اور غلام حسین شہید جیسے 50 بہادر شہدا کی امین فورس ہے، شہدا پولیس کے اہلخانہ کی دیکھ بھال اور ویلفیئر محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1211)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Saturday, December 7, 2024