پنجاب پولیس رحیم یارخان کا کچہ میں آپریشن، دومختلف بڑی کارروائیوں میں چھ مغوی بحفاظت بازیاب کرا لیے گئے، ترجمان پنجاب پولیس
آپریشن میں 01 کروڑروپے ہیڈ منی والے خطرناک ڈاکو گورا عمرانی سمیت 02 ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ۔ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس رحیم یارخان نے کچہ میں آپریشن کرتے ہوئے دو مختلف بڑی کارروائیوں کے دوران تین اقلیتی افراد سمیت چھ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔دوران آپریشن دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں زخمیوں میں 01کروڑ سر کی قیمت والا کچہ کا خطرناک ڈاکوگورا عمرانی بھی شامل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل تھانہ بھونگ کے علاقہ سے فصلوں کو پانی لگانے والے افرا دعبدالشکور، ظہور احمد اور عابد کو مسلح ملزمان نے اغواء کر لیا تھا جبکہ اقلیتی نوجوان منور جی کو بھی چند روز قبل بستی کلواڑ سے اغواء کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے پولیس ٹیمز کو مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے مامورکر رکھا تھا، گزشتہ رات پولیس نے سندھ کشمور سے متصل کچہ کے سرحدی علاقہ میں مجرمان کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی ایس پی بھونگ سعید احمد، ایس ایچ او تھانہ بھونگ، ایس ایچ او احمد پور لمہ رانا رمضان، سی آئی ٹیمزاور ایلیٹ ٹیمز کے ہمراہ بھاری نفری کے ساتھ نشاندہی شدہ علاقہ میں موئثر کارروائی کے دوران ہاتھ پاؤں بندھے چاروں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ ملزمان پولیس کی جانب سے گھیرا تنگ ہونے پر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سندھ کی جانب فرار ہوگئے۔ پولیس کی دوسری تازہ ترین کارروائی میں گزشتہ رات بھونگ کے علاقہ میں تین اقلیتی باپ بیٹوں کے اغواء کی واردات پرڈی ایس پی بھونگ سعید احمدکی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری کو تعاقب کے لیے روانہ کیا گیا اور پولیس پارٹی نے کچہ سونمیانی میں ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا جس پر مسلح ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا اس دوران دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں زخمیوں میں کچہ کا خطرناک ڈاکو گورا عمرانی بھی شامل ہے جس کے سر کی قیمت حکومت نے 01 کروڑ روپے مقرر کر رکھی ہے پنجاب پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقلیتی باپ بیٹے کو بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ مسلح ڈاکو اپنے زیر استعمال تین موٹر سائیکلیں بھی موقع پر چھوڑ کر راہ فرار اختیار کر گئے۔ ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے پولیس ٹیمز کو کامیاب کارروائیوں پر شاباش دیتے ہوئے فرار ملزمان کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم پولیس آپریشن جاری ہے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1209)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
