لاہور (کر ائم رپو رٹر)آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کا سروس اینڈ پروموشن سٹرکچر بہتر بنایا ہے اور اگلے سال اپریل میں ٹریفک افسران (ٹی او)کے عہدے پر مزید پروموشنز ہوں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سڑکوں پر نامساعد حالات اور موسموں کی شدت میں خدمات انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز پنجاب پولیس کے حقیقی ایمبیسیڈر ہیں، ٹریفک اہلکار سڑکوں اور ٹریفک لائسنسنگ دفاتر میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں۔ مربوط ٹریفک سسٹم، قوانین پر بہتر عملدر آمد ریاست کے نظام اور مہذب قوم کی عکاسی کرتا ہے ٹریفک وارڈنز نے سموگ تدارک مہم میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں گریڈ 17 میں ٹریفک آفیسر کے عہدے پر ترقی پانے والے ٹریفک افسران (TOs) کو رینک لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جانب آئی جی کی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ڈی آئی جی سکیورٹی سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے آئی جی کو تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ابوذرشادنے آئی جی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ آئی جی نے سی پی او میں منعقدہ تقریب میں مختلف اضلاع کے 13 پولیس ملازمین میں کیسز پر آنیوالے اخراجات کی ادائیگی کیلئے 56 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
(روز نامہ پاکستان)
****************************

