پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے،
رات کی تاریکی میں لکھانی چیک پوسٹ پرحملہ آور ہونے والے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش، ترجمان پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صوبے کی بارڈر چیک پوسٹوں پرپولیس ٹیمیں شب و روزہائی الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دے رہی ہیں اسی سلسلے میں پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے ایک بار پھربہادرانہ کاروائی کرتے ہوئے خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے، حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں نے رات دیر گئے اچانک حملہ کیا،25 سے 30 خوارجی دہشت گرد لکھانی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ آور ہوئے، تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی،خوارجی دہشتگردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کاروائی کی، پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مل کر خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پولیس کی بھرپور جوابی کاروائی نے خوارجی دہشت گردوں کو پسپائی اورفرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ موثر جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشتگرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی، ڈی پی او ڈی جی خان سید علی کی زیر کمانڈ ایلیٹ اور کیو آر ایف کی بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ خیبرپختونخوا بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں، جس کے باعث یہ حملہ ناکام بنایا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس قبل ازیں بھی خوارجی دہشتگردوں کے کئی حملے ناکام بنا چکی ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا، حکومت پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ و وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پنجاب خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں پولیس کا دیگر اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس فورس کا مورال بلند اور دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1163)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Wednesday, November 27, 2024