پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائی، 02 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار

پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائی، 02 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار
رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 93 ہوگئی۔ ترجمان پنجاب پولیس
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس بیرون ملک مفروراشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور وطن واپسی کیلئے مسلسل مصروف عمل ہے اور اسی سلسلے میں جاری کاروائیوں کے دوران پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل اور انٹرپول نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 02 خطرناک اشتہاریوں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 93 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اشتہاری مجرم رضوان شہزاد نے 02 برس قبل سیالکوٹ میں شہری کو اغواء کرکے قتل کیا تھا۔دوسرا اشتہاری رانا آفاق علی ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن بوریوالہ وہاڑی کو ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔ سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات پولیس کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے دونوں مجرمان کو گرفتار کیا۔ سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم دونوں ملزمان کو لے کر شارجہ سے آج علی الصبح لاہور ائیر پورٹ پرپہنچی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کامیاب کاروائی پر آر پی او گوجرانوالہ، ڈی پی اوز سیالکوٹ اور وہاڑی کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے دیگر خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر1142)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Tuesday, November 19, 2024