لاہور(اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لوک ورثہ کا دورہ کیا جہاں وہ فیسٹیول میں قائم سندھ اور پنجاب کے پویلینز میں گے۔ سندھ پویلین میں گورنر کو روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔ انہوں نے تمام سٹالز کا معائنہ کیا جہاں سندھ اور پنجاب کے دستکاروں اور آرٹسٹوں کے نمونے رکھے گے تھے۔ انہوں نے دستکاروں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ پنجاب پویلین میں گورنر پنجاب کو روایتی پنجابی پگڑی پہنائی گئی۔ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل سجاد حسین نے گورنر کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کلچر یکساں متاثر کن ہیں کیونکہ اس میں ہماری تاریخ اور ہمارے بزرگوں کا ہنر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلے ٹھیلے تمام صوبوں کی روایت ہے اور اس کے ذریعہ امیر اور غریب کو یکساں تفریح میسر آتی ہے اور یہ صحتمند تفریح کا اعلیٰ طریقہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ میں ملکی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اور یہاں میلے کا سماں ہے، لوگوں کے چہرے پر خوشی اور رونق ہے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ روایتی میلوں کا انعقاد عوام کیلئے ضروری ہے اور لوگوں کی کثیر تعداد یہاں دیکھ کر توقع کی جا سکتی ہے کہ تمام پرانے میلے بحال ہونگے۔دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ تھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہئے۔
(روز نامہ جنگ)
**************************