Nov 14, 2024
پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ میں کاروائی کرتے ہوئے سندھ اورپنجاب کے سرحدی علاقے کچہ کشمور سے ڈاکٹر خالد کو بحفاظت بازیاب کروالیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر مغوی ڈاکٹر خالد محمود کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی۔ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمرگوندل نے کہا کہ ڈاکٹر خالدمحمود کے اغوا میں ملوث ملزمان کو بھی حراست میں لے لیاگیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔یاد رہے ڈاکٹر خالد محمود کو 21 اکتوبر کو رانی پور گمبٹ سندھ جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا گیا تھا۔رضوان عمرگوندل نے کہا کہ پولیس نے ملزمان کو ٹریس کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی ڈاکٹر خالد محمود کی بحفاظت بازیابی پر ڈی پی او رحیم یار خان اور ٹیم کو شاباش دی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر خالد محمود نے ڈی پی او رحیم یار خان کو گلے لگا کر پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
(روز نامہ آواز)
*************************
