پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی

Nov 12, 2024

پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی، کچہ میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اندھڑ گینگ کا سرگرم رکن اور خطرناک ڈاکو مختار عرف ودھایا شیخ ہلاک ہوگیا،ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے کلاشنکوف اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ڈاکو اندھڑ گینگ کا مرکزی کارندہ تھا اور  ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کا مرکزی ملزم تھا جو ڈکیتی اور پولیس پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔ آپریشن ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر سندھ سے متصل بستی سعید عباسی کے عقب موضع داعوالہ میں کیا گیا۔آپریشن میں پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز، نائٹ ویژن گاگلز اور بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کاروائی کی تو مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو مختار شیخ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ساتھی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں فرار ہو گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، انچارج سی آئی اے اور ایس ایچ او بھونگ سمیت پولیس کی بھاری نفری شامل ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کچہ سے دہشت گردوں، ڈاکووں اور شر پسند عناصر کے مستقل خاتمہ کے مشن پر گامزن ہے۔

*************************