خیبر پور پولیس کا آپریشن ، کچے کا خطر ناک ڈاکو شاہ مراد لٹھانی ہلاک، ساتھی فرار

Nov 07, 2024

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کچہ ایریا میں خطرناک کریمنلز کے قلع قمع کیلئے مصروف عمل ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کے ڈاکوئوں کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن میں کچہ ایریا کے خطرناک ڈاکو کو منطقی انجام تک پہنچا دیا ہے۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت شاہ مراد لٹھانی کچہ روجھان کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ ہلاک ڈاکو شاہ مراد پنجاب پولیس کو 5لاکھ روپے ہیڈ منی میں مطلوب خطرناک کچہ کریمنل میراں لٹھانی کا حقیقی بھائی ہے۔ ہلاک ڈاکو دہشت گردی، ڈکیتی بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور پولیس پر حملوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شبیر باغ میں ڈاکوئوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پراندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی اور دو طرفہ شدید فائرنگ کے تبادلہ میں 1ڈاکو ہلاک ہو اور دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوئے گئے جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اقلیتی نوجوان کے اغوا کی واردات ناکام بنا دی، تعاقب پر ملزمان شبیر باغ میں گھس گئے تھے، آپریشن میں پولیس کو بکتر بند گاڑیوں،ایلیٹ کمانڈوز، نائٹ وژن گاگلز، بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی، کامیاب آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او تھانہ بھونگ اور انچارج سی آئی اے سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور آپریشنل ٹیم کو شاباش دی۔

( روز نامہ نوائےوقت)

*********************