Nov 07, 2024
پنجاب پولیس سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تسلسل میں پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں سموگ آگاہی مہم کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کمانڈنٹ پی ٹی سی چوہنگ، سینئر پولیس افسران، ماہرین ماحولیاتی تحفظ و صحت نے شرکت کی۔ مختلف فارمیشنز کے زیر تربیت پولیس اہلکاروں کو انسداد سموگ ایس او پیز بارے آگاہ کیا گیا۔ڈاکٹر تنویر الاسلام اور ڈاکٹر احسان سمیت ماہرین نے سموگ سے بچاؤ کی احتیاط اور تدابیر پر روشنی ڈالی، مقررین نے سموگ کا سبب بننے والے خطرناک عوامل اور تحفظ کے لائحہ عمل بارے بھی اظہار خیال کیا۔ اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے سموگ کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ نے زیرتربیت پولیس اہلکاروں کو سموگ سے بچاؤ کی آگہی فراہم کرنے پر ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔کمانڈنٹ پی ٹی سی محبوب اسلم للہ نے مقررین کو یادگاری شیلڈز اور سووینئرز دئیے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے کہاکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق سموگ کی روک تھام کیلئے مختلف آگاہی پروگرامز جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ان ایکشن ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 14 مقدمات درج کرتے ہوئے10 افراد گرفتارکئے گئے ہیں، 421 افراد کو 07 لاکھ 36 ہزار روپے کے جرمانے عائدکئے گئے اور 04 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی 17، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 329، صنعتی سرگرمی پر 02، اینٹوں کے بھٹوں کی 08 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جن کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔
(روز نامہ ایکسپریس)
***********************

