لاہور (کر ائم رپو رٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کی مختلف فیلڈ فارمیشنز اپنے فرائض بھرپور تندہی سے سر انجام دے رہی ہیں۔ پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے سرگرم عمل ہے اور جرائم کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مزید استفادہ کیا جائے اورسروس ڈلیوری کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) کی ماہ اکتوبر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ کتوبر 2024 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ماہ اکتوبر میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 3.2 ملین افراد کو چیک کیا۔ دورانِ چیکنگ 675 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ پنجاب بھر کی شاہرات پر 1.5 ملین گاڑیوں کو چیک کیا گیا، 316 چوری شدہ گاڑیاں / موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جنہیں اصل مالکان کے حوالے کیا جارہا ہے۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 26 ہزار 8 سو 13 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1299 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر 12 ہزار 7 سو 95 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 52 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا، 482 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا گیا، 12662 مسافروں کو شاہرات پر مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی، پولیس خدمت مراکز پر 18307 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں، ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 106 مقدمات درج کئے گئے۔
(روز نامہ جنگ)
*************************