پنجاب پولیس کا ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

پنجاب پولیس کا ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کاروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں ہتھیار برآمد۔ ترجمان پنجاب پولیس
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر ہدایت پنجاب پولیس کا ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔لاہور سمیت تمام اضلاع میں ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے بلا تفریق کاروائیوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں خطرناک ہتھیار برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان کے قبضہ سے 1437 کلاشنکوفیں، 37420 پسٹل، 3136 بندوقیں، 2783 رائفلز، 689 ریوالور اور لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران ملزمان کے قبضے سے 123 کلاشنکوف، 7918 پسٹل، 564 رائفلز، 298 بندوقیں اور 123 ریوالور اور44 ہزار گولیاں و کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس اور سٹاک کی انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر1085)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, November 4, 2024