آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں شہادت پانے والے ایک اور پولیس اہلکارکے اہلخانہ کو گھر دے دیا،
پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد جیسے 1600 سے زائد شہدا، 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنارہی ہے، اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں شہادت پانے والے ایک اور پولیس اہلکارکے اہلخانہ کورہائش کیلئے ذاتی گھر دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے کانسٹیبل محمد ارشد کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ لاہور کی نجی ہاؤسنگ کالونی میں 05 مرلے کا گھر خرید کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل محمد ارشد نے رواں سال 31 جنوری کو تھانہ شمالی چھاؤنی کے علاقہ میں مجرموں سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا، کانسٹیبل محمد ارشد شہید کی اہل خانہ میں اہلیہ اور 04 بیٹے شامل ہیں جو اب نئے گھر میں زندگی گذاریں گے، آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد ارشد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل محمد ارشد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد جیسے 1600 سے زائد شہدا، 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر1064)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
