مظفرگڑھ: رکشہ ڈرائیور کی نرس کو اغوا کر کے زیادتی کی کوشش کانسٹیبل نے ناکام بنا دی

Oct 28, 2024

مظفرگڑھ (عدنان مجتبیٰ) رکشہ ڈرائیور کی نرس کو اغوا کر کے زیادتی کی کوشش،پولیس کانسٹیبل اور لیڈی ڈاکٹر نے نرس کو بچا لیا، تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات پونے 9 بجے نجی کلینک پر کام کرنے والی ایک نرس اپنے گھر جانے کے لیے کچہری چوک سے چنگ چی رکشے پر سوار ہوئی، پولیس کیمطابق رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے نرس کے گھر والے راستے پر جانے کی بجائے رکشے کو ڈیرہ غازی خان روڈ پر ویران علاقے میں موڑ دیا، نرس نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے ہسپتال کی مالک لیڈی ڈاکٹر کو نہ صرف موبائل فون پر کال کی بلکہ اس سے واٹس ایپ پر اپنی لوکیشن بھی شیئر کر دی، پولیس ذرائع کے مطابق نجی کلینک کی لیڈی ڈاکٹر نے اپنے شوہر کیساتھ نرس اور ملزمان کا پیچھا کیا، اور ڈیوٹی سے گھر جانے والے بلال خان نامی مسلح پولیس کانسٹیبل کو جھنگ روڈ پر کھڑا دیکھ کر روکا اور اسے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا، بعدازاں لیڈی ڈاکٹر اور پولیس کانسٹیبل نے ملکر ملزمان کا پیچھا کیا اور لوکیشن کے ذریعے مونڈکا بائی پاس کے قریب پہنچ گئے، پولیس ذرائع کے مطابق مونڈکا بائی پاس پر کھیت میں رکشہ ڈرائیور اور اس کا ساتھی مذکورہ نرس کو باندھ کر ریپ کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے، پولیس کانسٹیبل بلال نے بروقت موقع پر پہنچ کر نہ صرف ہوائی فائرنگ کی بلکہ مسلح ملزمان کا پیچھا بھی کیا لیکن ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، کھیتوں میں بندھی ہوئی نرس کو بازیاب کروا کر موقع پر موجود ملزمان کا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا گیا، واقعے کا مقدمہ 2 افراد کیخلاف تھانہ سول لائن میں درج کر لیا گیا، ایک رکشہ ڈرائیور ملزم کو ٹریس بھی کر لیا گیا، دوسری جانب نرس کی بروقت عزت اور جان بچانے پر ڈی پی او سید حسنین حیدر نے پولیس کانسٹیبل بلال خان کو شاباش بھی دی ہے۔

(روز نامہ جنگ)

***************************