شہداء کے ورثاء کو فوری 3تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری

Oct 27, 2024

لاہور(کرائم رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ رواں سال پولیس فورس مختلف ویلفیئر کیٹیگریز میں 1 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد رقم دی جا چکی ہے۔ تعلیمی وظائف کی مد میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ویلفیئر بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی ویلفیئر سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہلخانہ کو 2 بنیادی تنخواہیں فی الفور ادا کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ شہیدملازمین کے اہلخانہ کو 3 بنیادی تنخواہیں فی الفور دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ قبل ازیں دوران سروس وفات اور شہداء کے اہلخانہ کے لئے رقوم کی ادائیگی میں کچھ عرصہ درکار ہوتا تھا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مختلف امور پر تجاویز کو حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اور ڈی آئی جی ویلفیئر سمیت متعلقہ افسران اجلاس میں موجود تھے۔

(روز نامہ جنگ)

**************************