رواں سال 49504منشیات فروش گرفتار، 49006مقدمات

Oct 27, 2024

لاہور(کرائم رپورٹر سے) آئی جی پنجاب کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 88763 ریڈز کیے گئے، منشیات کے دھندے میں ملوث 49504 ملزمان گرفتار ہوئے ، 49006 مقدمات درج کئے گئے ۔ ملزمان کے قبضہ سے 29983 کلوگرام چرس، 847 کلو گرام ہیروئن ، 1349 کلو افیون ،367 کلو آئس اور 08 لاکھ 10 ہزار لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔ نشے کی بیماری میں مبتلا 1269 افراد کو بحالی کیلئے علاج گاہوں میں داخل کروایا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں رواں سال منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 8150 چھاپے مارے گئے ، 8422 ملزمان گرفتار ہوئے اور 8149 مقدمات درج کئے گئے ۔ ملزمان کے قبضے سے 6174 کلوگرام چرس ، 251 کلو گرام ہیروئن ، 304 کلوگرام افیون ، 149 کلو گرام آئس اور 56984 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث زیادہ سے زیادہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔

(روز نامہ جنگ)

*************************