انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے ڈیجیٹلائزڈ سہولیات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ویلفیئر سافٹ وئیر میں نئے ماڈیول '' ہمارے اپنے'' کا اضافہ کر دیا ہے جس کی بدولت پولیس غازیوں کی ہیلتھ ویلفیئر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب غازی محمد صلاح الدین کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اضلاع کے فیلڈ فارمیشنز کے انچارج ویلفیئر، متعلقہ افسران اور سٹاف نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے ''ہمارے اپنے'' سافٹ وئیر کے اغراض و مقاصد بارے آگاہ کیا جبکہ پنجاب پولیس کے آئی ٹی ماہرین نے شرکا کے لئے سافٹ وئیر کی ورکنگ بارے عملی مظاہرہ پیش کیا،
ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ زخمی ملازمین کی انفارمیشن بلا تاخیر سافٹ وئیر میں اپ ڈیٹ کرنا متعلقہ انچارج کی ذمہ داری ہے، سافٹ وئیر سے پنجاب پولیس کے زخمی ملازمین، صحت یابی اور بحالی کی تمام تفصیلات ایک کلک پر دستیاب ہوں گی، غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ سافٹ وئیر سے زخمی ملازمین کو بروقت طبی امداد کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ رواں سال کے دوران زخمی ہونے والے تمام ملازمین کا ڈیٹا 03 دنوں کے اندر سافٹ وئیر میں اپ ڈیٹ کیا جائے، اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے کہا کہ ''ہمارے اپنے'' پنجاب پولیس کے ہیومن ریسورس سافٹ وئیر کے ساتھ انٹی گریڈ، ٹائم لائنز کو فالو کیا جائے گا، اس اقدام کی بدولت پولیس فورس کو ہیلتھ ویلفیئر میں خصوصی سہولت میسر آئے گی۔ اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور پنجاب پولیس آئی ٹی ماہرین سمیت سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************
