رحیم یار خان : کچے میں پولیس کی ایک اور کامیاب کاروائی، مزید 2 ڈاکو ہلاک

Oct 09, 2024
پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کریمنلز کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن سرانجام دیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث کچہ ایریا کے مزید دو ڈاکو نصیر عرف میلہ لٹھانی اور طارق جھکرانی کو کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے۔ہلاک ڈاکو نصیر عرف میلہ لتھانی بھونگ میں پولیس کانسٹیبل اکبر گوپانگ کی شہادت میں پولیس کو مطلوب تھا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے چوک شہباز پور کے علاقے میں کچہ کریمنلز کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کر دی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ڈاکو اپنے انجام کو پہنچے۔ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے  بھاری اسلحہ، سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں فرار ہو گئے، پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، آپریشن میں ایس ایچ او تھانہ احمد پور لمہ رانا رمضان، انچارج سی آئی بھونگ جبران جیراڈ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا،پولیس کو بلٹ پروف گاڑیوں، جدید اسلحہ، ایلیٹ کمانڈوز کی معاونت حاصل تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کاروائی پر شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ کچہ کریمنلز کو امن کا گہوارہ بنانا مشن ہے، ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***************************