پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کے علاقے میں بڑی کامیابی، سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اور ساجن ملوکانی ہلاک،
کچہ ایریا کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرکے دم لیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کے علاقے میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سابق ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ سب انسپکٹر رانا رمضان کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکو سرمد بھائیو اور ساجن ملوکانی کو کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے کچہ ماچھکہ کے علاقے موضع سکندر چاچڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے، ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے 02 کلاشنکوفوں سمیت سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کیں ۔
ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل نے بتایا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، مقابلے کے دوران ہلاک ڈاکووں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کماد کی فصل میں فرار ہو گئے، پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ آپریشن میں ایس ایچ او ماچھکہ جام اعجاز ،ایس ایچ او بھونگ نوید واہلہ ،انچارج سی آئی اے سیف اللہ ملہی کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ، نائٹ ویژن ٹیلی سکوپس اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد حاصل تھی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کاروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ کچہ کریمنلز کے خلاف پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے ہے، کچہ ایریا کو ڈاکوؤں، دہشت گردوں اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرکے دم لیں گے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر986)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************