دھاتی ڈور و پتنگ بازی سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس صوبہ بھر میں ان ایکشن
رواں سال کریک ڈاؤن کے دوران 11787 ملزمان گرفتار، 11177 مقدمات درج۔ ترجمان پنجاب پولیس
ملزمان کے قبضے سے 34 ہزار دھاتی ڈوریں و چرخیاں اور 05 لاکھ سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس دھاتی ڈور و پتنگ بازی سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے صوبہ بھر میں ان ایکشن ہے اور لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران 11787 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے خلاف 11177 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 34 ہزار دھاتی ڈوریں و چرخیاں اور 05 لاکھ سے زائد پتنگیں برآمد ہوئیں، صوبائی دارالحکومت میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کریک ڈاؤن 2633 ملزمان کوگرفتار کرتے ہوئے 2570 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں ملزمان کے قبضہ سے 2301 چرخیاں اور 50 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، استعمال اور خریدوفروخت پر سخت قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ انسانی جان کے دشمن سفاک عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی زیرو ٹالرنس کے تحت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی خطرناک کھیل اور کاروبار کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر977)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Wednesday, October 2, 2024