آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والے مزید 55 افسران کو رینک لگادئیے

Oct 01, 2024

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں، خوارج اور آئین سے انحراف کرنے والوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی، ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پولیس شہدا کے خون کا حساب لیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہدا پولیس کے گھروں کی خریداری کیلئے 50 لاکھ روپے فی گھر کا اضافہ کر دیا ہے،کچہ میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کے لئے 25 ہزار روپے فی کس الاؤنس منظور کیا گیا ہے، ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ رواں مالی سال تمام نئے تھانے مکمل ہوجائیں گے، بارڈر چیک پوسٹوں کو جدید انفراسٹرکچر، لاجسٹکس سے مضبوط کیا ہے، پنجاب کے 18 شہروں میں 31 دسمبر جبکہ صوبہ بھر میں اگلے سال 30 جون تک سمارٹ سیف سٹیز آپریشنل ہوجائیں گے، آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ اگلے مرحلے پر سیف سٹیز کے دائرہ کار کو پنجاب کی 140 تحصیلوں تک توسیع دی جا رہی ہے،پنجاب پولیس موبائل ایپلی کیشنز، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی جدید ٹیکنالوجی پر منتقل ہوچکی ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسداد جرائم، ٹریفک مینجمنٹ سمیت تمام پولیسنگ امور میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ پولیس پر ہونے والی تنقید کا جواب شہریوں کی پہلے سے بہتر خدمت، تحفظ اور فرائض کی عمدہ ادائیگی سے دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں سب انسپکٹرز سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو رینک لگانے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والے مزید 55 افسران کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس  میں منعقد ہوئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینئر افسران کے ہمراہ افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے، پروموٹ ہونے والے انسپکٹرز کے والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے انسپکٹرز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ ترقی پانے والے افسران کا تعلق راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، گوجرانوالہ اور گجرات سے تھا، تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔

(روز نامہ ایکسپریس)

***********************