وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا ڈرگ فری پنجاب ویژن، صوبہ بھر میں انسداد منشیات ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی،
صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 80910 ریڈز، 44830 ملزمان گرفتار، 44767 مقدمات درج، ترجمان پنجاب پولیس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کے سلسلے میں پنجاب پولیس منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے صوبہ بھر میں مصروف عمل ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں پولیس کے انسداد منشیات ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 80910 ریڈز کیے گئے، منشیات کے دھندے میں ملوث 44830 ملزمان گرفتاراور 44767 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 31628 کلوگرام چرس، 725 کلو گرام ہیروئن، 1137 کلو افیون، 314 کلو آئس، 7 لاکھ 37 ہزار لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی، نشے کی بیماری میں مبتلا 1240 افراد کو بحالی کیلئے علاج گاہوں میں داخل کروایا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں رواں سال منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 7347 چھاپے مارے گئے، 7576 ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ 7347 مقدمات درج کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے 5487 کلوگرام چرس، 240 کلو گرام ہیروئن، 285 کلوگرام افیون، 132 کلو گرام آئس اور 50392 لٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ماڈرن ڈرگز کی خریدو فروخت، آن لائن سپلائی، اسمگلنگ اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردو نواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے جائیں اورمنشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر953)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
