مریم نواز شریف تاریخ ساز پولیس اصلاحات کیلئے سرگرم

Sep 24, 2024

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کی جان و مال کے تحفظ،قیام امن اور بہترین سروس ڈیلیوری کیلئے محکمہ پولیس کیلئے ’’کی‘‘ پرفارمنس انڈیکیٹرز(KPIs)‘‘متعارف کروائے ہیں۔ ان’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘کامقصد روایتی تھانہ کلچرسے محکمہ پولیس کو عوامی خدمت، قانونی ریلیف اور مظلوم کے تحفظ کا سب سے موثر ادارہ بنانا ہے۔بد قسمتی سے ماضی میں پولیس کو عوام پرور ادارہ بنانے پر توجہ نہیں دی گئی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا تھا۔اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی محکمہ پولیس میں جامع اصلاحات متعارف کروانے پر توجہ مبذول کی۔ انہوں نے پولیس کیلئے جامع کی ’’پرفارمنس اینڈیکیٹرز‘‘ متعارف کروائے ہیں۔ان جامع اصلاحات کے تحت عوام کی مشکلات کا حل، لوگوں کو انصاف کی فراہمی، قانونی ریلیف اور تھانوں کو عوامی خدمت کا پلیٹ فارم بنانے پر توجہ دیناہو گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو اس بات کا پوری طرح ادراک ہے کہ جمہوریت کا سب سے بڑا مقصد عوام کی خدمت ہے اور یہ مقصد حکومتی اداروں کو عوام پروربناکر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے اگرپولیس کے ’’کے پی آئیز‘‘ کا جائزہ کیا جائے تویہ بات سامنے آتی ہے کہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی سربراہی میں لاہور پولیس کے’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے ایف آئی آر کا فوری اندراج اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔کرائم کنٹرول کی بات کی جائے توشہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کیلئے کرائم کنٹرول، قانون کی بالا دستی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنالاہور پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بلا تاخیر مقدمات کے اندراج اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا گیا ہے اورلاہور پولیس پیشہ ورارنہ اورمعیاری تفتیش کے ذریعے مظلوم کوانصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لاہور پولیس نے رواں سال منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کرتے ہوئے6959ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے7171ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔منشیات کے مکروہ دھندنے میں ملوث گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 233کلو گرام ہیروئن،5137کلو گرام چرس،128کلوگرام آئس اور48052لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔اسی طرح لاء اینڈ آرڈر صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے لاہور پولیس کی جانب سے امن عامہ کے قیام کیلئے قانون شکن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں سے کرائم کنڑول کیلئے موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں قیام ِ امن یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اورقیام امن کے لئے لاہور پولیس کی تاریخ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں سے عبارت ہے۔لاہور پولیس کے338 پولیس افسران و اہلکار وں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خواتین کے حقوق کی علمبردار ہیں، انہوں نے خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کو ریڈ لائن قراردیا ہے اس ضمن میں بچوں، خواتین اور کمزور طبقات کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ خواتین، بچوں اور کمزور طبقات سے متعلقہ جرائم کے واقعات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔کے پی آئیز کے سپیشل انیشیٹیوز کے تحت عالمی معیار کے پولیس اسٹیشنز، دفاترو دیگر ترقیاتی پراجیکٹس تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔عوامی فلاح وبہبود کے ان منصوبوں کے تحت تھانوں کے روایتی کلچر کو عوامی خدمت مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔عالمی معیار کے ان سٹیٹ آف دی آرٹ پولیس اسٹیشنز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو ضروری خدمات برق رفتاری سے مہیا کی جا رہی ہیں۔
اگر پبلک سروسزکی بات کی جائے توپولیس خدمت مراکز شہریوں کومفید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔لاہور پولیس کے زیر انتظام خدمت مراکز پرایک چھت تلے 19خدمت مراکزمیں شہریوں کو 14ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔اس سلسلے میں رواں سال اب تک 06لاکھ 38ہزارسے زائد شہری خدمت مراکز سے پولیسنگ سہولیات حاصل کر چکے ہیں۔ خدمت مراکز پرایک چھت تلے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویری فکیشن، وہیکل ویری فکیشن، گمشدگی رپورٹ، کرائم رپورٹ، خواتین کی قانونی راہنمائی، ایف آئی آر کی نقول، کرایہ داری اور گھریلو ملازمین کے اندراج، لرنر ڈرائیونگ،نیو ریگولرڈرائیونگ لائسنس کا حصول، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اورانٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس خدمت مراکز کمیونٹی پولیسنگ کا منہ بولتا ثبو ت ہیں،اس پلیٹ فارم سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اورسی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر نگرانی بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے تحت دھاتی ڈوروپتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیاہے۔ پتنگ بازی کے خلاف جاری اس موثر مہم کے دوران رواں سال صوبائی دارالحکومت میں 2506قانون شکن عناصر کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے2572ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے49839پتنگیں 2246چرخیاں اور پتنگ سازی کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔اسی طرح قتل، ڈکیتی، اغواء  برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کے مرتکب بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے جاری کریک ڈاؤن کے تحت انٹر پول کے تعاون سے خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کر کے پاکستان واپس لایا گیا ہے۔ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے عوام دوست پالیسی کے تحت شہریوں کی دادرسی کیلئے روزانہ کی بنیاد پرمساجد اور دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد عمل میں لایاجارہا ہے۔ان کھلی کچہریوں کے مسلسل انعقاد سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***************************