آئی جی پنجاب نے شہید اہلکار کی فیملی کو گھر دے دیا

Sep 20, 2024
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے بہادر شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے ایک اور بہادر شہید جوان کے اہل خانہ کو گھر کا تحفہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے کانسٹیبل محمد شبیر کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، شہید کی فیملی کو پسند کے مطابق شالیمار ٹاؤن پھالیہ میں تمام سہولیات سے آراستہ 04 مرلے کا گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل محمد شبیر کے والدین و اہلخانہ اب نئے گھر میں زندگی گذاریں گے۔ کانسٹیبل محمد شبیر نے گذشتہ برس فروری میں تھانہ بھاگٹ منڈی بہاؤالدین کی حدود میں خاتون کی جان بچانے کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کانسٹیبل محمد شبیر شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین  پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل محمد شبیر نے خاتون کے تحفظ کیلئے اپنی جان کو فرض کی راہ میں قربان کیا.
(روز نامہ سٹی 42)
************************